ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں ہوا شاندار قراءت مظاھرہ قاری ڈاکٹر عبدالناصر حرک مصری کی خوش الحان قراءت نے سامعین کو کیا مسحور

جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں ہوا شاندار قراءت مظاھرہ قاری ڈاکٹر عبدالناصر حرک مصری کی خوش الحان قراءت نے سامعین کو کیا مسحور

Sun, 11 Nov 2018 17:33:11  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل12 نومبر (ایس او نیوز) قاری ڈاکٹر عبدالناصر حرک حفظہ اللہ کا شمار مصر کے مشہور و معروف قراء میں ہوتا ہے، آپ کو قراءت سبعہ وعشرہ میں درک حاصل ہے، آپ نے تقریباً 150 ملکوں کا دورہ کیا جہاں اپنی مسحور کن قراءت سے عوام کے دلوں کو جیتا۔ موصوف اپنے علمی دورہ پر ھندوستان تشریف لائے تھےاس موقع کو غنیمت جان کر قرآن مجید کے نور سے اپنے دلوں کو منور کرنے کے لیے جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے ذمہ داروں نے موصوف کو دعوت دی۔

 بروز سنیچر شب بتاریخ  2 ربیع الأول 1440ھ مطابق 10 نومبر 2018ء ایک قراءت مظاھرہ ہوا۔ آغاز جلسہ میں جامعہ اسلامیہ کے مکاتب کے طلبہ و ثانویہ و عالیہ درجات کے طلبہ نے اپنی بہترین قراءت کے نمونے پیش کیے ، اس کے علاوہ جامعہ کے سابق طلبہ اور مختلف پروگرامات میں انعام یافتہ حافظ انیس بڈو اور حافظ حماد پلور نے بهی اپنی قراءت کا عمدہ نمونہ پیش کیا. اسی کے ساتھ حیدرآباد سے تشریف لائے قاری محمد شعیب نے بھی اپنی عمدہ قراءت سے سامعین کو محظوظ کیا۔ 

مہمان قاری کی جب باری آئی تو انہوں نے اتنی خوش گلو آواز سے قرآن مجید کی تلاوت کی کہ حاضرین و سامعین کی زبان خدائے ذوالجلال کی حمدوثنا سے تر  ہونا شروع ہوگئی، اور پوری محفل اللہ اکبر کی صداؤوں سے گونجنے لگی۔ سامعین عش عش کرنے لگے کہ کیاہی بہترین کلام ،کیا ہی عمدہ آواز۔  خوش نصیب سامعین بھی پاکیزہ کلام کی سماعت سے دل کی دنیا آباد کررہے تھے اور زبان حال سے اللہ اکبر کی صدائیں لگارہے تھے۔ 

مہتمم جامعہ مولانا مقبول احمد صاحب کوبٹے ندوی نے دور دراز سے تشریف فرما مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور طلبہ نے جس معصومیت سے قراءت کا نمونہ پیش کیا اس پر انہیں اور ان کے پیچھے محنت کرنے والے اساتذہ اور ان کے سرپرستوں  کو مبارکباد دی۔اس پروگرام کے مقاصد کو گناتے ہوئے فرمایا کہ  جس طرح قرآن مجید کا پڑھنا ثواب ہے اسی طرح اس کا سننا بھی ثواب سے خالی نہیں ۔ قرآن شریف کے سننے اور پڑھنے سے تین فائدے فوری طور پر حاصل ہوتے ہیں ۱) ہر حرف پر دس نیکیاں ملتی ہیں ۔ ۲) دلوں کا زنگ دور ہوتا ہے ۔ ۳) اللہ سےتعلق ہوجاتا ہے۔آخر میں یہ پیغام دیا کہ آج کی یہ محفل ہمیں احساس دلاتی ہے کہ ہم قرآن مجید کو صحیح مخارج و اسلوب کے ساتھ پڑھنے کی فکر کریں، اور اپنے بچوں کو قرآن شریف کا محافظ و شریعت کا داعی بنائیں۔

ملحوظ رہے کہ اس پروگرام کا آغاز عبید الرحمن رکن الدین کی تلاوت اور عبداللہ برماور کے نعتیہ کلام سے ہوا، عزیزم اصغر صدیقی، نبیغ برماور اور نصیر طاہر باپو نے عربی ترانہ اپنی مترنم آواز میں پڑھا۔اس موقع پر عبداللہ سبیع آرمار نے جامعہ اسلامیہ اور اللجنة العربیة کا عربی میں تعارف پیش کیا،استاد جامعہ مولانا اقبال صاحب نائطے ندوی نے مہمان کا تعارف کیا، اور مولانا سمعان صاحب خلیفہ ندوی نے مہمان کے لیے استقبالیہ پیش کیا۔ عزیزم شہباز کڑپاڑی، عبداللہ سبیع آرمار اور ابوالحسن یس یم نے نظامت کے فرائض بحسن و خوبی انجام دیے۔

اس موقع پر بھٹکل و اطراف سے تشریف لائے علماء کرام و عمائدین شہر کے ساتھ ساتھ عوام الناس کی کثیر تعداد شریک تھی جو قرآن سے اپنے قلبی تعلق کا اظہار کررہی تھی۔ 


Share: